متحدہ عرب امارات

دبئی میں بچوں کے لیے استعمال ہونے والے بیبیز میجک ٹی، بیبی سلیپ گرائپ واٹر کے مخصوص بیچ کو الکحل کی غیر ظاہر شدہ مقدار اور مارکیٹنگ کی درست اجازت نہ ہونے کے باعث مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے۔

خلیج اردو
دبئی میں بچوں کے لیے استعمال ہونے والے بیبیز میجک ٹی، بیبی سلیپ گرائپ واٹر کے مخصوص بیچ کو الکحل کی غیر ظاہر شدہ مقدار اور مارکیٹنگ کی درست اجازت نہ ہونے کے باعث مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے۔ امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے رواں ہفتے جاری کردہ سرکلر میں طبی مراکز اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو بیچ نمبر 25122BW واپس منگوانے کی ہدایت کی ہے تاکہ شیر خوار بچوں کی صحت اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ دبئی ہیلتھ اتھارٹی نے بھی یہ اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچائی ہے۔

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے سوشل میڈیا پر والدین کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس پروڈکٹ کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں اور اسے خریدنے سے گریز کریں۔

اس پروڈکٹ کے اسی بیچ کو امریکا میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بھی واپس منگوایا ہے۔ امریکی ادارے کے مطابق جانچ کے دوران اس میں ایتھانول، میتھانول اور آئسوپروپانول کی موجودگی سامنے آئی، جن کا پیکنگ پر درج لیبل میں ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ جانچ میں ایتھانول کی مقدار تقریباً 8.3 فیصد، میتھانول 0.35 فیصد اور آئسوپروپانول 0.48 فیصد پائی گئی۔

امریکی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ان مادوں کی موجودگی سے پیدا ہونے والے خطرات کا انحصار استعمال کی گئی مقدار، عمر اور جسمانی وزن پر ہوتا ہے۔ ایتھانول، میتھانول اور آئسوپروپانول جیسے نامیاتی الکوحل مرکزی اعصابی نظام کے معمول کے افعال کو متاثر کر سکتے ہیں، جبکہ شیر خوار بچوں میں ایتھانول کی نمائش طویل مدتی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مطابق پیکنگ پر درج تجویز کردہ مقدار میں استعمال بھی غنودگی، جسمانی حرکات میں عدم توازن، رویے میں تبدیلی، متلی، قے اور پیٹ میں درد کا سبب بن سکتا ہے۔ زیادہ مقدار میں ان مادوں سے واسطہ پڑنے کی صورت میں سانس لینے کا عمل متاثر ہونے اور دیگر سنگین طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

تاہم امریکی ادارے نے بتایا کہ اب تک اس مخصوص بیچ کے استعمال سے متعلق کسی مضر اثرات کی اطلاع پیسیفک ہیلتھ سائنسز کو موصول نہیں ہوئی۔

اس ماہ کے آغاز میں بھی متحدہ عرب امارات میں معیار سے متعلق خدشات کے باعث فیس ماسک کے ایک بیچ کو مارکیٹ سے واپس منگوایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں مصنوعات کی نگرانی اور جانچ کا عمل باقاعدگی سے جاری رہتا ہے تاکہ مقررہ قواعد و ضوابط اور حفاظتی معیار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button