متحدہ عرب امارات

مصر کی مایار محمد راغب عثمان نے عرب ریڈنگ چیلنج 2026 جیت لیا، انہیں دبئی میں منعقدہ تقریب کے دوران پانچ لاکھ درہم انعام دیا گیا۔

خلیج اردو
مصر کی مایار محمد راغب عثمان نے عرب ریڈنگ چیلنج 2026 جیت لیا، انہیں دبئی میں منعقدہ تقریب کے دوران پانچ لاکھ درہم انعام دیا گیا۔ مقابلے کی دسویں ایڈیشن کی اختتامی تقریب جمعرات 29 اکتوبر کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہوئی۔ فلسطین کی غزال تیم نے دوسری جبکہ سعودی عرب کے ریان الزکری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے شروع کیے گئے اس مقابلے میں رواں سال 60 ممالک کے چار کروڑ سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ مقابلے کے فاتحین نے بتایا کہ مطالعے نے نہ صرف ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کیا بلکہ شخصیت سازی، خود اعتمادی اور مستقبل کے عزائم کے تعین میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی مایار عثمان نے کہا کہ مقابلے نے ان کی شخصیت اور سوچنے کے انداز میں نمایاں تبدیلی پیدا کی۔ ان کے مطابق مطالعے نے انہیں غلط خیالات اور سوچ کے غیر مؤثر طریقوں سے نکل کر زیادہ منظم انداز اپنانے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کے مطالعے سے ان کی سوچ سطحی انداز سے نکل کر گہرائی اختیار کر گئی۔ مایار عثمان کو کامیابی پر پانچ لاکھ درہم کا انعام دیا گیا۔

فلسطین کی غزال تیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے ایک لاکھ درہم کا انعام جیتا۔ انہوں نے مطالعے کو کامیابی کی بنیاد اور مستقبل کی تعمیر کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کتابوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوابوں کی تعبیر اور معاشرے کا کامیاب و فعال رکن بننے کے لیے مطالعہ ضروری ہے۔ غزال تیم نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے عرب دنیا کی نوجوان نسل پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

سعودی عرب کے ریان الزکری نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور انہیں 70 ہزار درہم انعام دیا گیا۔ ریان نے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا انعام اور قیمتی یاد قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ملک، والدین اور استاد احمد الجاسر کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بچپن میں ان کی صلاحیتوں کو پہچانا۔ ریان کے مطابق انہیں مطالعے کا شوق آگے بڑھانے اور کامیابی حاصل کرنے میں ان لوگوں کی حوصلہ افزائی سے مدد ملی جو ان کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے تھے۔

تقریب میں دیگر نمایاں طلبہ اور اداروں کو بھی اعزازات دیے گئے۔ لبنان کی منیسا بلال ابو محمود، مراکش کی خدیجہ بوملیک اور لیبیا کی یاسمین عبدالحمید البتی کو بھی تسلیم کیا گیا۔ خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کی کیٹیگری میں شام کے محمود عمران کو اعزاز دیا گیا، جبکہ عرب ممالک سے باہر کی کمیونٹیز اور غیر ملکی طلبہ کی کیٹیگری میں صہیب مجد کو نمایاں طالب علم کا ایوارڈ ملا۔ تیونس کے سیدی عامر پرائمری سکول کو نمایاں سکول کا اعزاز دیا گیا۔

عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں 60 ممالک کے چار کروڑ 28 ہزار 428 طلبہ نے حصہ لیا، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ مقابلے میں ایک لاکھ 38 ہزار 426 سکولوں اور ایک لاکھ 61 ہزار 507 نگرانوں نے شرکت کی، جبکہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کی تعداد 74 ہزار 62 رہی۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 2015 میں عرب ریڈنگ چیلنج کا آغاز کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں مطالعے کا شوق پیدا کرنا، عربی زبان پر عبور بہتر بنانا اور نوجوان نسل میں علم و آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button