
خلیج اردو
کراچی: سانحہ لیاری کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اسحاق کھوڑو کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ ان کی جگہ شاہ میر خان بھٹو کو نیا ڈی جی تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اسحاق کھوڑو کو سانحہ لیاری کے تمام حالات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید سرزنش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "کھوڑو صاحب، میں خود انجینئر ہوں، مجھے معلوم ہے کہ آپ نے کس علاقے کا کیا حال کیا ہے۔ کیا صرف نوٹس دینا ہی آپ کا کام ہے؟ لیاری میں اتنی اموات ہوئیں اور آپ پھر بھی اجلاس میں ڈھٹائی سے بیٹھے ہوئے ہیں!”
وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں موجود ایس بی سی اے افسران کو ہدایت کی کہ "مجھے کاغذی رپورٹس نہیں، عملی کام چاہیے۔ کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مخدوش عمارتوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔ اگر کوئی ادارہ یا افسر تعاون نہ کرے تو اس کی براہ راست رپورٹ دی جائے۔”
واضح رہے کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں حالیہ دنوں میں ایک مخدوش عمارت گرنے سے متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے یہ بڑا اقدام سامنے آیا ہے۔






