عالمی خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران، بھارت، یوکرین اور اسرائیل سے متعلق اہم گفتگو: نیتن یاہو کی موجودگی میں اہم اعلانات

خلیج اردو
واشنگٹن، 8 جولائی 2025 — وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں جاری تنازعات، ایران کی جوہری تنصیبات، پاک بھارت تعلقات اور یوکرین جنگ کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا میں کئی جنگوں کو سفارتی اور تجارتی حکمت عملی سے روکا، اور دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ بھی تجارت کے ذریعے ختم کی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے ساتھ امریکہ تجارتی معاہدے کے قریب ہے، جو خطے میں استحکام کا باعث بنے گا۔

ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی تین نیوکلیئر تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں اور امید ہے کہ ایران پر مزید حملے کی نوبت نہیں آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تہران کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے اور پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

یوکرین جنگ پر صدر ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے طول پکڑنے پر روسی قیادت سے ناخوش ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ "حماس جنگ بندی کرنا چاہتی ہے”، اور اس سوال کو کہ آیا امریکہ دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم پر چھوڑ دیا۔ نیتن یاہو نے جواب میں دو ریاستی حل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایسے ممالک کی تلاش جاری ہے جو فلسطینیوں کے لیے بہتر مستقبل کے خواہاں ہیں۔

اس موقع پر نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا، جسے عشائیے کے دوران خوب پذیرائی ملی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button