
خلیج اردو
ریاض: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی حالیہ صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ بندی سے خطے میں سیکورٹی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور تمام فریقین کو تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے واضح اور دوٹوک مؤقف کو سراہا اور اس پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کا حامی ہے اور سعودی عرب کی حالیہ پوزیشن سے مسلم دنیا میں اتحاد کے جذبے کو تقویت ملی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے سفارتی روابط کے تسلسل اور علاقائی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات اور خطے میں مشترکہ مفادات کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔







