
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکہ میں ایک چالاک جعلساز نے ٹرمپ انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا، جب ایک نامعلوم شخص امریکی وزیر خارجہ "مارک روبیو” کا روپ دھار کر کئی غیر ملکی سفارتکاروں سے مسلسل رابطے کرتا رہا۔
اس واقعے کے انکشاف پر امریکی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، اور فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جعلسازی کے اس غیر معمولی واقعے کی باضابطہ تحقیقات جاری ہیں، اور اس بات کا پتہ چلایا جا رہا ہے کہ یہ جعلساز کون ہے اور اس کا مقصد کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ جعلی رابطے سفارتی نوعیت کے تھے جن میں مختلف ممالک کے نمائندوں سے حساس معاملات پر گفتگو کی کوشش کی گئی۔ تاہم، اصل وزیر خارجہ مارک روبیو یا امریکی حکومت کی کسی رسمی پالیسی کا ان رابطوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ بین الاقوامی سفارتی تعلقات کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے، اور اس طرح کی جعلسازی سے امریکہ کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔






