عالمی خبریں

مدھیہ پردیش حکومت کی دبئی کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کیلئے ایئرلائنز کو فی پرواز 66 ہزار درہم کی پیشکش

خلیج اردو
دبئی، 15 جولائی 2025
مدھیہ پردیش سے دبئی کیلئے واحد براہ راست پرواز کی بندش سے دل گرفتہ بھارتی تارکین وطن کیلئے خوشخبری ہے۔ ریاستی حکومت بین الاقوامی فضائی رابطوں کی بحالی کیلئے ایئرلائنز کو فی پرواز 66 ہزار درہم (تقریباً ڈیڑھ ملین بھارتی روپے) کی ترغیب دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اپنے دورۂ دبئی کے دوران خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ترغیبی منصوبہ ریاست کی نئی سول ایوی ایشن پالیسی کا حصہ ہوگا، جس کا مقصد اندور، بھوپال اور گوالیار جیسے شہروں کو عالمی فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "ہم پالیسی کی تفصیلات طے کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ترغیب ایئرلائنز کو نئے بین الاقوامی روٹس کیلئے متوجہ کرے گی۔”

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب تقریباً ایک سال قبل ایئر انڈیا ایکسپریس نے اندور سے دبئی کی براہ راست پرواز بند کر دی تھی۔ فی الحال اندور اور شارجہ کے درمیان ہفتے میں چار پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ ریاستی دارالحکومت بھوپال سے کسی بھی بین الاقوامی مقام کیلئے براہ راست پرواز دستیاب نہیں۔

وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ اماراتی اور بھارتی نژاد کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ان کی ملاقاتوں میں وزیر برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی الزیودی، دبئی ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر اور امارات ایئرلائن گروپ کے سربراہ شیخ احمد بن سعید المکتوم، عرب پارلیمنٹ کے صدر محمد الیمحی، اور کئی ممتاز صنعتکار شامل تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، "ہم مدھیہ پردیش کو عالمی سرمایہ کاری کا ابھرتا مرکز بنانا چاہتے ہیں، خاص طور پر قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، لاجسٹکس، الیکٹرک گاڑیوں اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں۔”

دورے کے ایک اہم نتیجے کے طور پر انڈیا کے سفارت خانے کی سطح پر ایک مستقل رابطہ میکانزم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ ریاست اور یو اے ای کے درمیان سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون میں تسلسل رہے۔ اس ضمن میں قونصل جنرل ستیش کمار سیون کو کلیدی رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دبئی میں واقع بی اے پی ایس ہندو مندر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مند ر کے سربراہ پجیہ برہم ویہاری سوامی نے خوش آمدید کہا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button