عالمی خبریں

اب میں کسی پر بھروسہ نہیں کرتا: امریکی صدر ٹرمپ روسی صدر پوتن سے مایوس

خلیج اردو
واشنگٹن، 15 جولائی 2025 – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی پر بھروسہ نہیں کرتے، تاہم روس کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھیں گے۔

بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی جاری رہے گی اور اگر آئندہ 50 دنوں میں جنگ بندی نہ ہوئی تو روس پر سخت ٹیرف نافذ کیے جائیں گے۔

وائٹ ہاؤس سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے نیٹو کے مشترکہ دفاعی اصول کی حمایت کی اور بتایا کہ ان کی پوتن سے ماضی میں چار مرتبہ جنگ بندی معاہدے کے قریب بات چیت ہوئی، مگر ہر بار امید ٹوٹ گئی۔

ٹرمپ نے بتایا: "ہماری بات چیت اچھی ہوتی تھی، میں سمجھتا تھا کہ ہم قریب ہیں، پھر پوتن کیئو میں کوئی عمارت اڑا دیتے تھے۔”

صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ وہ روسی صدر سے بارہا مایوس ہوئے، مگر پھر بھی کوششیں جاری رکھیں گے کہ "خون خرابہ رُکے۔”

انہوں نے گزشتہ سال بٹلر میں اپنے اوپر ہونے والے حملے پر بات کرتے ہوئے کہا: "میں نہیں سمجھتا کہ اس سے میرے رویے میں کیا تبدیلی آئی، مگر یہ زندگی بدل سکتا ہے۔”

ٹرمپ نے نیٹو کے نئے سربراہ مارک روتے سے حالیہ ملاقات اور برطانیہ کے متوقع دورے کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شاہ چارلس کو عزت دینا چاہتے ہیں اور برطانیہ کو دنیا کی بہترین جگہ قرار دیا، جہاں ان کی ایک پراپرٹی بھی موجود ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button