متحدہ عرب امارات

دبئی میٹرو بلیو لائن: مردف میں ٹریفک کی عارضی تبدیلیاں، موٹر سواروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت

خلیج اردو
دبئی، 15 جولائی 2025
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی  نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ دبئی میٹرو بلیو لائن کے تعمیراتی کام کے باعث مردف میں اہم ٹریفک ڈائیورژنز نافذ کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستوں کے استعمال اور پیشگی سفر کی منصوبہ بندی کی ہدایت دی گئی ہے۔

RTA کے مطابق، 5ویں اور 8ویں اسٹریٹ کے سنگم پر واقع چوراہا، جو مردف سٹی سینٹر کے قریب ہے، بند کر دیا جائے گا۔ 5ویں اسٹریٹ سے 8ویں اسٹریٹ اور 8ویں سے الجزائر اسٹریٹ کی جانب جانے والے راستوں پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا۔

اتھارٹی نے بتایا کہ شاپنگ مال کے زائرین کے لیے متبادل پارکنگ روڈ فراہم کیا جائے گا، جبکہ ’غروب اسکوائر‘ کے قریب رہائشیوں کے لیے یوٹرن بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ مردف سٹی سینٹر کی طرف سے آنے والی ٹریفک رواں دواں رہے۔

گزشتہ ماہ دبئی کے حکمران نے بلیو لائن کی پہلی میٹرو اسٹیشن کی بنیاد رکھی تھی، جس کی تکمیل کے بعد یہ منصوبہ 9 ستمبر 2029 سے مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ایماار پراپرٹیز اسٹیشن کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی گئی، جو دنیا کا بلند ترین میٹرو اسٹیشن ہوگا، جس کی اونچائی 74 میٹر ہوگی۔

بلیو لائن میٹرو منصوبہ:

دبئی میٹرو کا یہ توسیعی منصوبہ 30 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 14 اسٹیشنز شامل ہوں گے اور اس پر 28 میٹرو ٹرینیں چلیں گی۔ اس کے بعد دبئی ریلوے نیٹ ورک میں کل اسٹیشنز کی تعداد 78 اور کل لمبائی 131 کلومیٹر ہو جائے گی۔

20.5 ارب درہم مالیت کے اس منصوبے سے سال 2030 تک یومیہ 2 لاکھ مسافر سفر کریں گے جبکہ 2040 تک یہ تعداد 3 لاکھ 20 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔ بلیو لائن 46 ہزار مسافروں کو فی گھنٹہ دونوں سمتوں میں لے جانے کی صلاحیت رکھے گی اور یہ متعلقہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ 20 فیصد تک کم کر دے گی۔

یہ لائن نو اہم شہری علاقوں کو آپس میں ملائے گی جن میں مردف، الورقاء، انٹرنیشنل سٹی 1 اور 2، دبئی سلیکن اویسس، اکیڈمک سٹی، راس الخور انڈسٹریل ایریا، دبئی کریک ہاربر اور دبئی فیسٹیول سٹی شامل ہیں۔ یہ علاقے مستقبل میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی رہائش گاہ ہوں گے، جیسا کہ دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان میں بیان کیا گیا ہے۔

مسافروں کا کل سفر دورانیہ 10 سے 25 منٹ کے درمیان متوقع ہے۔ بلیو لائن میں تین انٹرچینج اسٹیشنز بھی ہوں گے: کریک اسٹیشن (گرین لائن)، سینٹر پوائنٹ اسٹیشن (ریڈ لائن)، اور انٹرنیشنل سٹی 1 اسٹیشن (بلیو لائن)۔

یہ لائن 9 بلند اسٹیشنز اور 5 زیر زمین اسٹیشنز پر مشتمل ہوگی اور مکمل طور پر مربوط پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرے گی، جس میں پبلک بس اسٹینڈز، ٹیکسی اسٹینڈز، سائیکل اور الیکٹرک اسکوٹرز کے لیے علیحدہ جگہیں، اور معذور افراد کے لیے پارکنگ شامل ہیں۔

منصوبے کا سب سے بڑا زیر زمین انٹرچینج اسٹیشن 44 ہزار مربع میٹر پر محیط ہوگا، جس کی یومیہ گنجائش 3 لاکھ 50 ہزار مسافروں تک ہوگی۔

یہ منصوبہ دبئی میں گرین بلڈنگ کے معیار پر مکمل طور پر پورا اترنے والا پہلا ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے، جسے پلاٹینم کیٹیگری کی تصدیق حاصل ہوئی ہے۔ منصوبے کی تعمیر کے لیے 20.5 ارب درہم کا معاہدہ ترک اور چینی کمپنیوں — ماپا، لیمک، اور سی آر آر سی — کو دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button