خلیج اردو
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کے بیانیے کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا۔ وائٹ ہاؤس میں ریپبلکنز کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کے پانچ سے چھ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال نہایت خطرناک تھی اور دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے، تاہم امریکہ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے جنگ رکوا دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے نہ صرف دنیا کی کئی جنگیں ختم کروائیں بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو تجارت پر توجہ دینے اور تناؤ میں کمی کا مشورہ دیا تھا۔
سابق امریکی صدر نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ کے دوران انہوں نے وہ کارنامے سر انجام دیے جو کسی امریکی حکومت کے بس میں نہ تھے۔ انہوں نے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بن چکا ہے اور اس میدان میں سب سے آگے ہے۔ ان کے بقول انہوں نے ’بگ بیوٹی فل بل‘ منظور کرایا جس سے امریکی معیشت کو نئی جہت ملی۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 10 یرغمالیوں کو جلد آزاد کرا لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک بڑی تعداد میں یرغمالیوں کو بازیاب کرایا جا چکا ہے اور امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔







