متحدہ عرب امارات

دبئی جانے والی ایمریٹس کی پرواز میں تاخیر، زیورخ ایئرپورٹ پر مسافروں کی رات اذیت میں گزری

خلیج اردو
زیورخ: ایمریٹس ایئرلائن کی دبئی جانے والی پرواز EK086 کو تکنیکی خرابی کے باعث 19 جولائی کو اچانک منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد 300 سے زائد مسافروں کو زیورخ ایئرپورٹ پر رات گزارنی پڑی۔ کچھ مسافروں کو ہوٹل فراہم کیا گیا، تاہم جن کے پاس سنگل انٹری شینگن ویزے تھے وہ ایئرپورٹ سے باہر نہ جا سکے اور ایئرپورٹ کی حدود میں ہی محدود سہولیات کے ساتھ رات گزارنے پر مجبور ہو گئے۔

ایرانی نژاد دبئی کی رہائشی نگین جعفری جو اپنی سہیلی ساناز کے ساتھ یورپ کے سمر ٹرپ پر تھیں، اس تاخیر کے باعث 20 گھنٹوں سے زیادہ ایئرپورٹ پر پھنس گئیں۔ نگین نے بتایا کہ "ہم شام 5 بجے ایئرپورٹ پہنچے، پرواز رات 10:15 پر تھی، لیکن گیٹ پر انتظار کے دوران ایمریٹس کے عملے نے بتایا کہ پرواز میں تاخیر ہے۔”

رات 11 بجے کے بعد ایئرپورٹ کی روشنیاں بجھنے لگیں اور ایمریٹس نے باضابطہ طور پر پیغام کے ذریعے پرواز کی منسوخی سے آگاہ کیا۔ "جن کے پاس ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت تھی، انہیں ہوٹل دے دیا گیا، لیکن ہمیں ایئرپورٹ کے اندر ہی عارضی بستروں پر رات گزارنی پڑی، جو بھی صبح 7 بجے ختم ہو گئی کیونکہ وہ جگہ خالی کروائی جا رہی تھی۔”

نگین نے شکایت کی کہ "انتظار گاہ میں بھی محدود نشستیں تھیں، کچھ لوگ گھنٹوں کھڑے رہے، اور ایمریٹس لاؤنج بھی صبح 11:30 سے پہلے نہیں کھلا۔ ہمیں صرف جلدی سے تازہ دم ہونے دیا گیا۔”

کچھ مسافروں کو اگلی پرواز میں 20 جولائی کو 3:30 بجے روانہ کیا گیا، جبکہ دیگر کو رات 8 بجے کی پرواز میں جگہ ملی۔ نگین نے کہا، "کمر میں شدید درد ہو گیا تھا، لیکن خوشی ہے کہ ہم بحفاظت واپس آ گئے۔ اگر یہ سب دبئی ایئرپورٹ پر ہوتا تو اتنی پریشانی نہ ہوتی۔”

ایمریٹس کی جانب سے جاری بیان میں تاخیر کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ "متاثرہ مسافروں کو خوراک، ریفریشمنٹ اور ممکنہ ہوٹل سہولیات دی گئیں، لیکن کچھ مسافر ایئرپورٹ سے باہر نہ جا سکے۔ ہم نے ہوائی اڈہ حکام کے ساتھ مل کر ان کے لیے بہترین ممکنہ سہولیات کی کوشش کی۔”

بیان کے مطابق پرواز 20 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے روانہ ہوئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ "ہم مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں، مسافروں اور عملے کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button