
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ایسا پروپیگنڈا کر رہی ہے جیسے انہوں نے خود اپنے ٹکٹس کسی غریب ورکر کو دیے ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مراد سعید، فیصل جاوید، پیر نورالحق قادری اور روبینہ ناز جیسے ایسے امیدواروں کو ٹکٹس دیے ہیں جو کسی طور پر سرمایہ دار طبقے سے تعلق نہیں رکھتے۔
بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پہلے فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، اور اب مخصوص نشستوں پر ناجائز قبضہ کر کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ پروپیگنڈا چھوڑ کر مخصوص نشستوں پر اپنے ناجائز قبضے کا جواب دے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر کی گئی اور اس میں نظریاتی کارکنوں کو ترجیح دی گئی، جبکہ اپوزیشن کی سیاست صرف مفادات کے گرد گھومتی ہے۔






