پاکستانی خبریں

مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا، گورنر ہاؤس میں حلف ماورائے آئین قرار

خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ جا پہنچا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اسپیکر صوبائی اسمبلی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ارکان اسمبلی سے حلف لینا آئین کے خلاف ہے۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا بلکہ کورم کی نشاندہی کے باعث اجلاس کو 24 جولائی تک ملتوی کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر وزیراعلیٰ اور اسپیکر حلف لینے سے انکار کریں تو آئین کے تحت یہ اختیار بعد میں چیف جسٹس کو منتقل ہوتا ہے، لیکن اس سے پہلے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کر لیا گیا جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے اسمبلی اجلاس کے بجائے گورنر ہاؤس کو استعمال کرنا آئینی حدود سے تجاوز ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی حلف برداری کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، گورنر خیبرپختونخوا، الیکشن کمیشن، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد معاملے کو سماعت کے لیے مقرر کر لیا ہے اور آئندہ کارروائی میں اہم آئینی نکات کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button