
خلیج اردو
لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پارٹی ارکان کے حوالے سے ڈیل کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان نے کوئی سودے بازی نہیں کی، اور یہ کہنا غلط ہے کہ معاملات طے پا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ آج پنجاب اسمبلی میں صرف اپنے ارکان کے تحفظات اور گلے شکوے سننے آئے تھے، اور یہ تاثر بھی غلط ہے کہ پارٹی ارکان کو معطل کیا جا رہا ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے منتخب ارکان کو فارم 47 کے ذریعے اسمبلی میں آنے سے روکا گیا، اور اب جب وہ آواز بلند کرتے ہیں تو انہیں باغی قرار دے کر گولیاں برسائی جاتی ہیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حق و سچ کی آواز بلند کرنا ہر انسان کا بنیادی حق ہے جسے جرم بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عدالتیں آزاد ہوں گی تو عمران خان بھی آزاد ہوں گے، اور جب ووٹ آزاد ہوگا تو خان وزیر اعظم ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ کا بیان پنجاب اسمبلی میں سیاسی صورتحال اور مخصوص نشستوں سے متعلق جاری تنازعے کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جہاں پی ٹی آئی اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے مسلسل قانونی اور سیاسی جدوجہد کر رہی ہے۔






