پاکستانی خبریں

ہمایوں سعید کا انکشاف: نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ میں بوسے کا منظر شوٹ کرنا سب سے مشکل تجربہ رہا

خلیج اردو
اسلام آباد: معروف پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں سب سے زیادہ مشکل بوسے کا منظر شوٹ کروانے میں پیش آئی۔ ہمایوں سعید نے سیریز کے پانچویں سیزن میں ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھایا تھا، جن کا برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا سے تعلق دکھایا گیا ہے۔

اداکار نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ہی انہیں اس کردار کی پیش کش ہوئی تھی، اور اس وقت وہ خود بھی کورونا کا شکار تھے۔ باوجود بخار کے، انہوں نے ایک ایجنٹ کے ذریعے اپنا آڈیشن ریکارڈ کرکے بھیجا۔ بیس دن بعد انہیں ٹیم کی جانب سے کامیابی کی کال موصول ہوئی۔

ہمایوں سعید کے مطابق ’دی کراؤن‘ کی ٹیم مکمل طور پر پیشہ ور افراد پر مشتمل تھی اور سیٹ پر وقت کی پابندی کا سخت خیال رکھا جاتا تھا۔ اداکار نے کہا کہ انہیں اکثر لگتا تھا کہ وہ سب سے پہلے سیٹ پر پہنچیں گے، لیکن وہاں پہنچنے پر معلوم ہوتا کہ تمام لوگ پہلے سے موجود ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے واضح کیا کہ بوسے کا منظر ان کے لیے سب سے زیادہ مشکل تھا۔ انہوں نے ٹیم کو بتا دیا تھا کہ پاکستان میں اس طرح کے مناظر نہیں کیے جاتے اور یہ ان کے لیے باعثِ پریشانی ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی معاشرے میں شوہر اور بیوی بھی اس قسم کے مناظر سے گریز کرتے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ ٹیم ان کی بات سن کر کچھ پریشان ہوئی، لیکن الزبیتھ ڈبنکی — جنہوں نے لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کیا — نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے ان سے نرمی سے بات کی، قریب آئیں اور انہیں پُرسکون ماحول فراہم کیا، تاکہ وہ خود کو آرام دہ محسوس کر سکیں۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ شوٹنگ سے پہلے کی ریہرسل کے دوران بھی انہوں نے واضح کیا کہ بوسے کا منظر ان کے لیے آسان نہیں ہوگا، اور انہوں نے کبھی ایسا منظر پہلے نہیں کیا۔ تاہم ٹیم نے ان کی بات کو سنجیدگی سے لیا، ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں مکمل تعاون فراہم کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button