
خلیج اردو: بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے لرزہ خیز قتل پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، اور انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، ملزمان کے خلاف تمام تر قانونی اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرت کے نام پر بیٹی کا قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ لرزہ خیز واقعے نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ دیا ہے، ظلم ناقابلِ معافی ہے، اور کوئی رسم یا روایت قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔ قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی۔






