
خلیج اردو
کابل: افغانستان کے صوبہ قندوز سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا نجی ایئرلائن کی پرواز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر نئی دہلی جا پہنچا۔ اتوار کے روز یہ پرواز جب اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری تو لڑکا رن وے پر اکیلا گھومتا ہوا ملا۔ بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا اور کئی گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد اسی پرواز کے ذریعے واپس کابل بھیج دیا۔
ابتدائی تفتیش میں لڑکے نے حکام کو بتایا کہ اس نے محض تجسس کے باعث یہ خطرناک سفر کیا۔ بھارتی سکیورٹی فورس کے ترجمان کے مطابق لڑکا بغیر کسی رکاوٹ کے کابل ایئرپورٹ میں داخل ہوا، مسافروں کے پیچھے پیچھے جہاز تک پہنچا اور طیارے کے پچھلے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا۔ تلاشی کے دوران عملے کو اس کے پاس ایک چھوٹا سرخ رنگ کا آڈیو اسپیکر بھی ملا۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق، لڑکا دراصل ایران جانا چاہتا تھا مگر لاعلمی کے باعث نئی دہلی کی پرواز پر سوار ہوگیا۔ افغانستان کی بارڈر پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔






