
خلیج اردو: بالی وڈ اداکار سنجے دت بھی امارات کا گولڈن ویزہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ سنجے دت بالی وڈ کے صف اول کے پہلے اداکار ہیں جنہوں نے یہ رہائشی ویزہ حاصل کیا ہے۔
سنجے دت کو گولڈن ویزہ GDRFA-Dubai کے ڈائریکٹر جنرل ، میجر جنرل محمد احمد المری نے خود پیش کیا۔
یو اے ای گولڈن ویزہ حاصل کرنے کی اطلاع اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دی ہے۔ جس میں انہوں لکھا ہے ”میں امارات کا گولڈن ویزہ جنرل ڈائریکٹوریٹ فار ریزیڈنسی اینڈ فارن افیئرز دُبئی کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل محمداحمد المری کی جانب سے حاصل کرنا اپنے لیے بہت اعزاز سمجھتا ہوں۔“
انہوں نے گولڈن ویزہ کے حصول میں مدد فراہم کرنے پر فلائی دُبئی کے حماد عبید اللہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اماراتی حکومت نے 2019ء میں گولڈن ویزہ رہائشی اسکیم کا اعلان کیا تھا ۔ جس کے باعث غیر ملکیوں کو یہاں رہائش اختیار کرنے، ملازمت اور کاروبار کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔ اس ویزہ کے حاصل کرنے والوں کو کسی اماراتی سپانسر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ گولڈن ویزہ پانچ یا دس سال کی مُدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے جس کی مُدت میں توسیع بھی کروائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA)کی جانب سے گولڈن ریزیڈنسی اسکیم کے لیے اپلائی کرنے والوں کو چھ ماہ کی ویزہ سروس شروع کر دی گئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اس سروس سے ان افراد کو سہولت ہو گی جنہیں گولڈن ریزیڈنسی اسکیم سے متعلق پراسس پورا کرنے کے لیے کئی بار امارات آنا جانا پڑ ے گا۔ ICA کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ اس چھ ماہ کے ویزے کی فیس 1,150 درہم مقرر کی گئی ہے۔
اس ویزے کی مُدت میں ایک بار توسیع کروا کر مزید چھ ماہ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ اس ویزے کی بدولت لوگوں کو اپنے دستاویزات مکمل کرنے میں آسانی ہو گی۔ یہ چھ ماہی ویزہ صرف گولڈن رہائشی اسکیم اپلائی کرنے والوں کو دیا جائے گا۔








