خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات کے صحراؤں کو گلستان بناکر عربوں میں تاریخ رقم کردی

خلیج اردو: پاکستانی کسانوں کی محنت سے صحرائے عرب کے ریگستان بھی ہریالی سے لہلہانے لگے اور گلستانوں میں تبدیل ہوگئے۔ سرسبز باغات سے ہر طرح کے پھل اور سبزیاں بھی اگنے لگیں جس کا سہرا پاکستانی باغبانوں اور کسانوں کے سر جاتا ہے جن کی شب و روز کی محنت سے یہاں کے صحرا بھی ہرے بھرے ہوگئے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ گزشتہ دنوں ایک مقامی عرب حمد خلیفہ الکعبی کی دعوت پر پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کے عہدیداران و ارکان نے ان کے زرعی فارم کا دورہ کیا جس کا اہتمام صحافی احمد قریشی سارنگ نے کیا۔

حمد خلیفہ الکعبی کا زرعی فارم دوبئی سے 70 کلومیٹر دور شارجہ کے علاقہ میں عمان بارڈر پر واقع ہے۔

قصبہ فلی کے قریب واقع اس زرعی فارم سے تازہ سبزیاں جیسے بھنڈی ، شملہ مرچ، ٹماٹر، کھیرے، لیموں، پالک، دھنیہ، پودینہ، بینگن، توری، کوسا، بیر، خربوزہ اور تربوز وغیرہ باآسانی دستیاب ہیں۔ اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد اضافی سبزیاں اور دیگر اجناس منڈی میں برائے فروخت بھی بھیجی جاتی ہیں۔ حمد خلیفہ الکعبی نے اس زرعی فارم کی کامیابی کا سہرا دو پاکستانی بھائیوں عجیب براہمانی اور جمال براہمانی کے سرباندھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان دونوں بھائیوں نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت اس ریگستان کو گل و گلزار بنادیا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں اور ان کی محنت کے معترف ہیں۔ متذکرہ زرعی فارم میں کھجوروں کے باغ بھی ہیں جہاں سے ہر سال کثیر تعداد میں کھجوریں حاصل ہوتی ہیں۔

مطالعاتی دورہ کے دوران حمد خلیفہ الکعبی، مصبح الکعبی اور ان کے بچے بھی موجود تھے متذکرہ صاحبان نے بتایا کہ حکومت یو اے ای زراعت بڑھانے کے سلسلہ میں ان سے تعاون کررہی ہے اور وہ اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے جانوروں کا فارم بھی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں اونٹ بھیڑیں، گائے اور بکرے بھی پالے جائیں گے۔ فارم کی سیر کے آخر پر میزبانوں نے صحافیوں کی ٹیم کی تواضع عریبین سٹائل کھانوں سے کی۔ مہمانداری پر صحافیوں نے میزبانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ایک اور رپورٹ میں پاکستانیوں کی محنت اور محبت کی کچھ یوں وضاحت کی گئی ہے

اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اماراتی وزیر برائے ثقافت، نوجوانان و سماجی ترقی شیخ النہیان بن مبارک نے خوش خبری دی ہے کہ ابوظبی گروپ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے گا۔یہ بات انہوں نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کے دورہ ابوظبی کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے کلچر، یوتھ اور سوشل ڈیویلپمنٹ شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی جس میں یوتھ ایمپاورمنٹ اور کلچر فرنٹ کو مزید مستحکم بنانا زیربحث رہا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات کی گئی،متحدہ عرب امارات کے وزیر نے شہریار خان افریدی کی یوتھ کو متحرک رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات کے دوران شیخ نہیان بن مبارک نے وزیرِ اعظم عمران خان کے نام خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر شیخ نہیان نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے شہریار آفریدی سے ملاقات میں کہا کہ امارات اور پاکستان کے تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں۔ ان برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہو گی۔

امارات کے سرمایہ کاری کے سرکاری ادارے ابوظبی گروپ کی جانب سے عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی ۔ اس حوالے سے نیا منصوبہ جلد شروع ہونے والا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات میں رہائش پذیر لاکھوں پاکستانیوں نے اسے ایک جدید ترین مملکت بنانے میں بہت مدد فراہم کی ہے۔شیخ النہیان بن مبارک نے شہریار آفریدی کو یقین دلایا کہ امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں گے۔‘

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button