
خلیج اردو
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی سلامتی کو بڑا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہی دن میں تین آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جبکہ ایک جہاز میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں اماراتی آئل کمپنی کے ایک بحری جہاز پر حملے کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن لاپتا اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ 17 نومبر کی شام پیش آیا، جس کے بعد لاپتا اہلکار کی تلاش شروع کردی گئی جبکہ دیگر عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق ایک واقعہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں پیش آیا۔ ایران نے بحری جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ محفوظ آمدورفت کے لیے اپنی مسلح افواج سے رابطے میں رہیں، مقررہ بحری راستے اختیار کریں اور نیویگیشن سسٹم فعال رکھیں۔
آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ یہاں کسی بھی بڑے سکیورٹی بحران کے اثرات عالمی توانائی کی منڈیوں اور تیل کی ترسیل پر مرتب ہوسکتے ہیں۔






