
خلیج اردو
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل مسجد کی حرمت سے متعلق درخواست پر انچارج مسجد کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایک شہری کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارتِ مذہبی امور کو بھی فریق بنایا ہے۔
عدالت نے صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور آئی جی پولیس کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ اس معاملے پر عدالت کس کو ہدایات جاری کرے؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انچارج فیصل مسجد سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے اور استدعا کی کہ فیصل مسجد کے احاطے میں حرمت کے منافی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کی جائے۔






