
خلیج اردو
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت آپریشن سندور میں فوجی اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ فوجی تصادم میں دیگر ممالک کو شامل کرنے کی بھارتی کوشش ناقص سیاسی حکمتِ عملی ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی کو بیرونی حمایت سے جوڑنا غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری یا سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا "سوچ سے بڑھ کر سخت جواب” دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات دراصل پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی بھارتی ہچکچاہٹ کا اظہار ہیں۔ آپریشن سندور کی ناکامی بھارت کی اسٹریٹجک کمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ فینسی جنگی سازوسامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں بلکہ عزم، حکمت عملی اور قوم کی پشت پناہی سے جیتی جاتی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کو یاد دلایا کہ ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی کے ممکنہ تباہ کن نتائج کا اسے ادراک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اصولی سفارتکاری، باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ تعلقات قائم کیے اور خود کو خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر منوایا ہے۔






