پاکستانی خبریں

چینی کی برآمد و درآمد کا کھیل، قومی اسمبلی کی کمیٹی برہم، تحقیقات کا حکم

خلیج اردو
 قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے چینی کی برآمد کے بعد درآمد کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے معاملے کی چھان بین کے لیے ممبر قومی اسمبلی عاطف خان کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کر دی ہے جسے 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین جاوید حنیف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معلوم کیا جائے کہ اس معاملے میں کون کون ملوث ہے، کس نے فائدہ اٹھایا، اور یہ کھیل کیسے ہوتا ہے کہ چینی پہلے برآمد کی جاتی ہے اور پھر درآمد؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ کن شوگر مل مالکان کے سیاست یا حکومت سے تعلقات ہیں اور آیا کوئی گٹھ جوڑ تو موجود نہیں۔

اجلاس میں وزارتِ تجارت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کی درآمد فوڈ سیکیورٹی سے متعلق سمری کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے واضح کیا کہ عوامی مفادات کے برعکس ایسے فیصلے کسی طور قبول نہیں، اور ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button