
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کے جنگی غرور کو پاک فضائیہ نے فیصلہ کن انداز میں چیلنج کرتے ہوئے، تاریخ میں پہلی بار ایک فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیارہ فضائی لڑائی میں مار گرا دیا۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی انٹیلی جنس حکام نے بھارتی فضائیہ کے ایک رافیل طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی ہے۔
فرانسیسی انٹیلی جنس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی فضائی لڑائی میں رافیل طیارہ تباہ ہوا ہے، اور اس کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ فرانسیسی حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔
رافیل طیارے کا ملبہ بھارتی پنجاب کے شہر بھٹنڈہ کے مضافات سے ملا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملبے سے بھارت کے بی ایس 001 سیریز کے رافیل کی تباہی کی تصدیق ہوتی ہے، جو کہ بھارت کا کلیدی رافیل یونٹ شمار کیا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2016 میں فرانس سے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر کی لاگت سے 36 رافیل طیارے خریدے تھے۔ ایک طیارے کی قیمت 28 کروڑ 90 لاکھ ڈالر یا تقریباً 25 ارب بھارتی روپے بنتی ہے۔ موجودہ جھڑپ میں اگر تین رافیل طیارے تباہ ہوئے ہیں، تو بھارت کو اس سے تقریباً 75 کروڑ ڈالر، یعنی 650 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف بھارت کے عسکری غرور کے لیے ایک زبردست دھچکا ہے بلکہ عالمی سطح پر رافیل طیارے کی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیتا ہے۔







