وزیر اعظم کی جانب سے ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا اعلان
خلیج اردو
09 جنوری 2021
کوئٹہ : وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے۔
ہفتے کے روز آج کوئٹہ میں شہدائے مچھ کے سوگوار خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرینگی۔ہزارہ برادری کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی فورسز کا ایک خصوصی سیل قائم کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ اور پوری قوم ہزارہ برادری کے دکھ میں برابر شریک ہے اور انکے ساتھ کھڑی ہے۔انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔
انہوں نے یقین دہانی کی کہ متائثرہ کمیونٹی کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے جائینگے۔۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ سانحے کے سوگوار خاندانوں کی پوری طرح دیکھ بھال کی جائیگی جبکہ انکے مطالبات پہلے ہی پورے کئے جاچکے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت قوم کو متحد کرنے اور ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے میں ملوث عناصر کا قلع قمع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ خفیہ اطلاعات میں واضح طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت مختلف مکاتب فکر کے مذہبی علماء پر حملوں کے ذریعے پاکستان میں افرا تفری پھیلانا چاہتا ہے اور سانحہ مچھ بھی اسی بڑی سازش کا حصہ ہے۔
تاہم عمران خان نے تین سے چار سازشوں کو ناکام بنانے پر آئی ایس ایس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بعض قوتیں مسلمان ممالک میں شیعہ سنی اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔
مسٹر خان نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحاد کیلئے کوششیں کررہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے بھی کوشاں ہیں۔






