
خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں پہلا روزہ 2 مارچ (ہفتہ) کو ہوگا۔ اس بات کا اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، ملتان، کوئٹہ، کراچی سمیت مختلف شہروں میں منعقد ہوئے، تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب اور دیگر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز
دوسری جانب، سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد وہاں پہلا روزہ کل (1 مارچ) کو ہوگا۔
متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان، بحرین، قازقستان سمیت خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کے بیشتر ممالک میں بھی کل پہلا روزہ ہوگا۔
اسی طرح، زیادہ تر یورپی ممالک میں بھی رمضان کا آغاز 1 مارچ سے ہو رہا ہے۔
بھارت میں بھی چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد وہاں پہلا روزہ پاکستان کے ساتھ 2 مارچ کو ہوگا۔ بنگلہ دیش، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر کئی ممالک میں بھی پہلا روزہ 2 مارچ کو رکھا جائے گا۔






