پاکستانی خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا اجرا کر دیا

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا باضابطہ اجرا کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزرا، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار رمضان پیکج میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور مستحق افراد کو براہ راست امداد فراہم کی جائے گی۔ 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے دیے جائیں گے، جس سے مجموعی طور پر 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے 7 ارب روپے کے پیکج کے مقابلے میں اس سال امدادی رقم کو تین گنا بڑھایا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان پیکج سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق خاندان مستفید ہوں گے اور اس بار لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ امداد براہ راست ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

دہشت گردی کی مذمت اور معاشی اصلاحات پر زور
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت فوری طور پر ملزمان کو کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی گئی تھی اور اس ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں محصولات میں اضافے اور معاشی بہتری کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں اور گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے کرپشن کے خاتمے اور شفاف طرز حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کے پیسے کی شفاف تقسیم کے ذمہ دار ہیں اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت سماجی بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور ڈیجیٹل طریقہ کار متعارف کروا کر بدانتظامی اور بدعنوانی کی روک تھام کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک، نادرا اور دیگر اداروں کی مدد سے 30 لاکھ ڈیجیٹل والٹس بنائے گئے ہیں، جن کے ذریعے مستحق افراد تک براہ راست امداد پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکج کے تحت 600 مقامات پر چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جہاں چینی 130 روپے فی کلو دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 15 فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے آخر میں کہا کہ پاکستان سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button