Transport

انٹرنیشنل سٹی میں پارکنگ فیس کا باضابطہ اعلان، پارکن کی نئی اسکیم یکم فروری 2026 سے نافذ

خلیج اردو

دبئی: پارکن (Parkin) نے دبئی کے علاقے انٹرنیشنل سٹی میں باضابطہ طور پر ادا شدہ پارکنگ کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے، جو یکم فروری 2026 سے لاگو ہوگا۔ اس اعلان سے قبل انٹرنیشنل سٹی کے مختلف بلاکس میں پارکنگ سے متعلق سائن بورڈز نصب کیے گئے تھے، جن پر نئی فیس کے اطلاق سے متعلق آگاہی دی جا رہی تھی۔

حالیہ دنوں میں رہائشیوں کی جانب سے ان سائن بورڈز کی نشاندہی کے بعد اس پیش رفت پر توجہ بڑھی، جس کے بعد تصدیق کی گئی کہ نئی پارکنگ پالیسی یکم فروری سے نافذ العمل ہوگی۔ نوٹسز کے مطابق انٹرنیشنل سٹی کے لیے پارکنگ ایریا کوڈ 621Q مقرر کیا گیا ہے، اور واضح کیا گیا ہے کہ اسی تاریخ سے پارکنگ ٹیریف لاگو ہوں گے۔

نئے نظام کے تحت رہائشی پارکنگ پرمٹس بھی متعارف کرائے گئے ہیں، تاہم یہ سہولت صرف رہائشی یونٹس کے لیے مختص ہوگی۔ ہر رہائشی یونٹ کو ایک مفت پرمٹ فراہم کیا جائے گا، بشرطیکہ عمارت میں پہلے سے پارکنگ کی سہولت موجود نہ ہو۔ دوسری اور اضافی گاڑیوں کے لیے ادا شدہ پارکنگ یا سبسکرپشن لینا لازم ہوگا، جو منظور شدہ قواعد کے تحت ہوگی۔

پارکن کے مطابق رہائشی پرمٹس کے لیے درخواستیں 15 جنوری 2026 سے دی جا سکیں گی، جبکہ پارکنگ سبسکرپشنز یکم فروری 2026 سے مؤثر ہوں گی۔ درخواستیں پارکن کی موبائل ایپ یا سرکاری ویب سائٹ parkin.ae کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ کمپنی نے تین، چھ اور بارہ ماہ کی سبسکرپشن سہولیات متعارف کرائی ہیں تاکہ رہائشیوں کو روزانہ ادائیگی کی زحمت سے بچایا جا سکے۔

سائن بورڈز کے مطابق ادا شدہ پارکنگ کے اوقات صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک ہوں گے، جبکہ اتوار اور سرکاری تعطیلات میں پارکنگ مفت رہے گی۔ اس نظام میں پیک اور آف پیک اوقات کے لیے الگ الگ نہیں بلکہ ایک ہی نرخ لاگو ہوں گے۔

پارکنگ فیس کی تفصیل کے مطابق 30 منٹ کی پارکنگ 2 درہم، ایک گھنٹے کی 3 درہم، دو گھنٹے کی 6 درہم، چار گھنٹے کی 12 درہم، پانچ گھنٹے کی 15 درہم، چھ گھنٹے کی 18 درہم اور سات گھنٹے کی 22 درہم مقرر کی گئی ہے۔ پارکن کی وضاحت کے مطابق سات گھنٹے سے زائد پارکنگ کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 25 درہم وصول کیے جائیں گے، کیونکہ فیس صرف صبح 8 سے رات 12 بجے تک لاگو ہوتی ہے۔

پارکن نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نفاذ سے قبل بروقت پرمٹس اور سبسکرپشنز کے لیے درخواستیں جمع کرائیں تاکہ پارکنگ جرمانوں سے بچا جا سکے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button