دبئی : متحدہ عرب امارات کا ویزہ تبدیل کرنے کیلئے ایک ایئرپورٹ سے دوسرے ہوائی اڈے تک کا فضائی سفر مہنگا ہوگیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ہوائی اڈے سے ہوائی اڈے تک سفر کے ذریعے ویزہ تبدیل کرنے کی سروس یو اے ای آنے والوں کو مدت ختم ہونے کی صورت میں ان کے آبائی ملک واپس جانے کی بجائے قریبی ملک کا سفر کرکے فوری طور پر نیا ویزہ حاصل کرنے یا دوسرے ویزہ پر دوبارہ ملک میں انٹری کی اجازت دیتی ہے، وزیٹرز یا تو اسی دن ویزہ میں تبدیلی حاصل کرسکتے ہیں یا وہ پڑوسی ملک میں ایک رات گزار سکتے ہیں اور اگلے دن نئے ویزہ پر واپس آ سکتے ہیں، ایک ہی دن کے عمل میں عام طور پر تقریباً چار گھنٹے درکار ہوتے ہیں، جس میں باہر پرواز کرنا، پڑوسی ملک کے ہوائی اڈے پر انتظار کرنا اور بعد کی پرواز پر واپس یو اے ای آنا شامل ہے۔
ٹریول انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جو وزیٹرز ایک ہوائی اڈے سے دوسرے ایئرپورٹ تک سفر کے ذریعے سٹیٹس چینج سروس کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ویزہ میں توسیع تا تبدیلی کرنا چاہتے ہیں انہیں پہلے کے کرایوں کے مقابلے میں 20 فیصد تک اضافی ادائیگی کرنی ہوگی، ریحان الجزیرہ ٹورازم کے منیجنگ ڈائریکٹر شہاب پرواد نے کہا ہے کہ ایئر لائن جس کے ذریعے زائرین باہر جاتے اور واپس آتے ہیں اس نے ہوائی کرایہ تقریباً 125 درہم تک بڑھا دیا ہے، پیکج کی قیمت میں اضافے کا ایک عنصر سرد مہینوں میں ملک میں رہنے کے خواہشمند وزیٹرز کی تعداد میں اضافہ بھی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2022ء میں متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزہ رکھنے والوں کے لیے ملک کے اندر سے اپنے قیام کے اجازت نامے میں توسیع کا اختیار بند کر دیا تھا جس کے بعد سے وزٹ ویزا رکھنے والوں کو نئے ویزا پر واپس آنے سے پہلے ملک سے ایگزٹ کرنا پڑتا ہے، حکام نے 90 دن کا ویزہ 2023ء کی آخری سہ ماہی کے دوران منسوخ کر دیا تھا، اس سے سیاحوں میں 60 دن کے ویزوں کی مانگ میں اضافہ ہوا، 60 دن کے ویزہ کی قیمت 1 ہزار 300 درہم سے شروع ہوتی تھی اور اب یہ قیمت 1 ہزار 500 درہم سے شروع ہوتی ہے، تاہم اس کی قیمت کا انحصار اس بات پر ہے کہ وزیٹرز کب پیکج بک کرتے ہیں، اگر ایک مہینہ پہلے بک کر لیا جائے تو اس کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ زیادہ تر طویل مدت کے ویزوں کو بزرگ شہری ترجیح دیتے ہیں جو باقاعدگی سے سفر کرنے کو تیار نہیں ہیں، خوشگوار موسم کی وجہ سے بہت سے رہائشی اپنے والدین اور رشتہ داروں کو ملک میں طویل مدت تک رہنے کے لیے بلا رہے ہیں، اس نے ہوائی اڈے سے ہوائی اڈے تک ویزہ کی تبدیلی میں بڑے پیمانے پر مانگ میں اضافہ کیا ہے، ان دنوں 60 دن کے ویزہ میں توسیع کا مطالبہ واقعی بہت زیادہ ہے، ہمارا کوٹہ زیادہ تر دنوں میں بک جاتا ہے اور ہمیں سیٹیں حاصل کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔