خلیج اردو
اسلام آباد: تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ کاوزارت اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن اورپنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کا الیکشن فوری معطل کرنے کی استدعا کردی۔
پی ٹی آئی نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلہ کو تبدیل کر کے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے تاکہ ہمارے ارکان اجلاس میں شریک ہوسکیں۔
پی ٹی آئی نے اپیل میں پنجاب، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، حمزہ شہباز دیگر کو فریق بنایا ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ہمارا موقف تسلیم کیا لیکن مختصر نوٹس پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دے کر ہمارا ریلیف متاثر ہوا اور ریلیف کے بجائے ہمارا نقصان ہوگا۔
استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو تبدیل کرکے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے تاکہ ہمارے ارکان اجلاس میں شریک ہوسکیں اسلیے مناسب وقت دینا ضروری ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی کامیابی کا نوٹس فیکیشن معطل کرکے حمزہ شہباز کو عہدہ سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہو سکیں۔
اپیل دائر کرنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر متنازعہ شخصیت ہیں،اگر پہلا الیکشن غلط تھا تو دوسرا راؤنڈ کیسے ہوسکتا ہے،لاہور ہائیکورٹ کا اتنا جلدی الیکشن کرانے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
فیصل چوہدری نے کہاکہ اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ کے حقوق سلب کیے گئے، اگروزیراعلیٰ کا انتخاب کرانا ہے تو مناسب وقت دیا جائے۔
دوسری طرف عدالت اعظمی نے پی ٹی آئی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔