متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں فلپائنی پاسپورٹ تجدید مراکز 30 جون سے بند، یکم جولائی سے نئی درخواستیں صرف سفارتی مشنز میں جمع ہوں گی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں فلپائنی شہریوں کیلئے پاسپورٹ تجدید کی خدمات فراہم کرنے والے وی ایف ایس فلپائن ای پاسپورٹ رینیول سینٹرز ابوظہبی اور دبئی میں 30 جون 2026 کو اپنی سرگرمیاں بند کر دیں گے۔

فلپائنی سفارت خانے اور قونصل خانے کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق یکم جولائی 2026 سے تمام نئی پاسپورٹ درخواستیں اور تجدیدی درخواستیں صرف Embassy of the Philippines in Abu Dhabi اور Consulate General of the Philippines in Dubai کے ذریعے ہی قبول کی جائیں گی۔

فلپائنی حکام نے وی ایف ایس کے ذریعے پاسپورٹ خدمات کی آؤٹ سورسنگ ختم کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی، تاہم واضح کیا ہے کہ 30 جون تک وی ایف ایس مراکز میں جمع کرائی گئی تمام درخواستوں کے پاسپورٹ، بشمول وہ پاسپورٹ جو ابھی تک وصول نہیں کیے گئے، یکم جولائی سے متعلقہ سفارتی مشنز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

حکام نے ان درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے جن کے تجدید شدہ پاسپورٹ تیار ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک وصول نہیں کیے گئے، وہ جلد از جلد انہیں حاصل کر لیں۔

دبئی میں پہلا وی ایف ایس فلپائن ای پاسپورٹ رینیول سینٹر 21 نومبر 2019 کو قائم کیا گیا تھا، جو فلپائن کے محکمہ خارجہ کی جانب سے پاسپورٹ تجدید کے عمل کی پہلی آؤٹ سورسنگ تھی۔

بعد ازاں 12 جون 2020 کو فلپائن کے یوم آزادی کے موقع پر ابوظہبی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں دوسرا مرکز قائم کیا گیا تھا۔

ان مراکز کے قیام سے قبل متحدہ عرب امارات میں مقیم فلپائنی شہریوں کو پاسپورٹ خدمات کیلئے براہ راست دبئی قونصل خانے یا ابوظہبی سفارت خانے جانا پڑتا تھا۔ یکم جولائی سے دوبارہ یہی نظام نافذ ہو جائے گا۔

فلپائنی مشنز نے مزید معلومات یا مدد کیلئے متعلقہ رابطہ نمبرز اور ای میل پتے بھی جاری کیے ہیں تاکہ درخواست گزاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button