متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں انسانی اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام، ملزمان گرفتار

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے حکام نے سرحد پار غیر قانونی نقل و حرکت کی دو الگ الگ کوششیں ناکام بناتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق دونوں مقدمات مزید تحقیقات کے لیے پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیے گئے ہیں۔

پہلی کارروائی میں 18 ایشیائی شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے امارات لانے کی کوشش کی جا رہی تھی، جس میں ایک خلیجی شہری مبینہ طور پر ملوث تھا۔ نگرانی اور فالو اپ کارروائی کے دوران ملزم کو سرحدی راستے سے ملک میں داخل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے ساتھ دو غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد اور اس کے خاندان کے پانچ افراد بھی موجود تھے، جنہیں مبینہ طور پر خاندانی سفر ظاہر کرکے اسمگلنگ کی کوشش چھپانے کے لیے ساتھ رکھا گیا تھا۔

دوسری کارروائی میں ایک غیر ملکی شہری کو امارات سے غیر قانونی طور پر باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ حکام کے مطابق مذکورہ شخص گرفتاری کے وارنٹ اور سفری پابندیوں سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ منصوبہ ایک خلیجی خاتون نے اپنی بیٹی کے تعاون سے بنایا تھا، جنہوں نے خاندانی افراد کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرگرمی چھپانے کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق خاتون اس سے قبل بھی غیر قانونی داخل ہونے والے افراد کو ملک سے باہر منتقل کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے، جبکہ اس کی بیٹی کا شوہر بھی اسی نوعیت کے مقدمات میں نامزد رہ چکا ہے۔

دونوں کارروائیوں میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ پبلک پراسیکیوشن واقعے کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کے کردار کا تعین کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اماراتی اداروں کی سرحدی نگرانی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کا مظہر ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button