
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں دسمبر کے آخر میں متوقع 9 روزہ تعطیلات کے دوران بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو مہنگے فضائی کرایوں کے لیے تیار رہنا چاہیے، کیونکہ ماہرین کے مطابق کرایوں میں 50 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔
ٹریول پلیٹ فارم "مسافر ڈاٹ کام” کے چیف آپریٹنگ آفیسر رہیش بابو نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں بتایا کہ اگر مسافر ابھی ٹکٹ بک کریں تو اوسطاً 30 سے 40 فیصد بچت کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق دبئی سے لندن کا ریٹرن کرایہ اس وقت تقریباً 2800 درہم ہے، جو نومبر کے آخر تک بڑھ کر 3800 سے 4200 درہم تک پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "دسمبر کے 20 سے 28 تاریخ کے درمیان سفر کے دوران کرایوں میں عام طور پر 30 سے 50 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آتا ہے کیونکہ اس دوران طلب میں اضافہ، نشستوں کی محدود دستیابی اور ایئرلائنز کی پریمیم قیمتوں کی پالیسی کام کرتی ہے۔”
نو روزہ چھٹی کیسے ممکن ہوگی؟
2025 کے آخر میں اماراتی شہریوں اور مکینوں کو عید الاتحاد کے موقع پر دو سرکاری تعطیلات متوقع ہیں — منگل 2 دسمبر اور بدھ 3 دسمبر۔ اگر کوئی شخص سالانہ چھٹی 1، 4 اور 5 دسمبر کو لیتا ہے تو دو ویک اینڈز ملا کر کل 9 روزہ وقفہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
دسمبر میں چونکہ عید الاتحاد، کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات ایک ساتھ آتی ہیں، اس لیے زیادہ تر اماراتی باشندے اور تارکین وطن اپنے خاندانوں سے ملنے یا تفریح کے لیے بیرون ملک سفر کرتے ہیں، جس کے باعث فضائی سفر کا رش بڑھ جاتا ہے۔
ایمریٹس، اتحاد ایئر ویز اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت بڑی فضائی کمپنیوں کی جانب سے بھی ہر سال دسمبر میں سفری ہدایات اور رش کے متعلق ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے۔
بکنگ کب کی جائے؟
مسافر ڈاٹ کام کے رہیش بابو کے مطابق بین الاقوامی سفر کے لیے بہترین بکنگ مدت عام طور پر 6 سے 8 ہفتے قبل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم پہلے ہی دسمبر کے سفر کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی اور کرایوں میں اضافے کا رجحان دیکھ رہے ہیں، اس لیے جو مسافر اب بکنگ کر لیں گے انہیں بہتر قیمت، نشستوں کی دستیابی اور مجموعی طور پر زیادہ فائدہ ملے گا۔”
اسی حوالے سے کلیئر ٹرپ عربیہ کے چیف بزنس آفیسر سمیر بگل نے بھی بتایا کہ "ہم اپنے صارفین کو ہمیشہ پہلے سے بکنگ کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اس وقت بکنگ کرنے والے مسافروں کو کم از کم 25 سے 30 فیصد تک رعایت مل سکتی ہے، جو بعد میں ممکن نہیں رہے گی۔”







