
خلیج اردو
ایمرٹس ایئرلائن کی ایڈوائزری کے مطابق ای۔ارائیول کارڈ کو بھارت کے بیورو آف امیگریشن کی ویب سائٹ پر فلائٹ سے کم از کم 24 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے بھرنا لازمی ہے۔ اس کے لیے کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی، تاہم جو مسافر فارم جمع نہیں کروائیں گے انہیں امیگریشن پر زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
فارم میں صرف بنیادی معلومات جیسے پاسپورٹ نمبر، قومیت، سفر کا مقصد، بھارت میں رہائش کا پتہ اور رابطے کی تفصیلات درج کرنی ہوں گی، کسی قسم کے دستاویزات اپ لوڈ نہیں کرنے ہوں گے۔ بھارتی شہری اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (OCI) کارڈ ہولڈرز اس شرط سے مستثنیٰ ہیں۔
یو اے ای کے ٹریول ایجنٹس نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ بھارت یو اے ای سے سب سے زیادہ مصروف روٹس میں شامل ہے۔ ان کے مطابق اس سے مسافروں کا وقت بچے گا اور امیگریشن کا عمل مزید تیز ہوگا۔
سیاحت، کاروبار، اسٹارٹ اپس اور دیگر مقاصد کے لیے بھارت جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کو یہ سہولت فائدہ پہنچائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امیگریشن کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں کو کم کرنے اور نظام کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔







