متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں تمام ساحل غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیے گئے۔

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں تمام ساحل غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیے گئے۔ محکمہ خدمات عامہ کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ساحلوں کو مزید اطلاع تک بند رکھا جائے گا، تاہم فیصلے کی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی گئی۔

حکام کے مطابق ساحل دوبارہ کھولنے کی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی حفاظت اور دوسروں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

اس سے قبل شارجہ میں بھی تیل کی تہہ پھیلنے کے باعث احتیاطی تدبیر کے طور پر الحمریہ ساحل عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے اس سے پہلے تصدیق کی تھی کہ ام القوین کے ساحل کے قریب تیل پھیلنے کا واقعہ مختلف ریاستوں میں ایندھن جیسی بو پھیلنے کی وجہ بنا۔ متعدد علاقوں کے رہائشیوں نے اس بو کی شکایات کی تھیں۔

وزارت کے مطابق ام القوین کے تمام ساحل اور ساحلی علاقے بھی عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔ متعلقہ ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لینے اور عوام کی حفاظت سمیت سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔

حکام نے واضح کیا کہ پھیلنے والی بو سے رہائشیوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تیل پھیلنے کا پتا چلتے ہی متاثرہ علاقے کو محدود کرنے، صفائی اور ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button