
خلیج اردو
دبئی کی مشہور چاکلیٹ بنانے والے برانڈ فکس ڈیزرٹ نے کاروباری منصوبوں کی کیٹیگری میں دبئی اِٹ ایوارڈ جیت لیا۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ہفتے 24 اکتوبر کو برانڈ کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ٹیم کو مبارک باد دی۔
شیخ حمدان کے مطابق ایک سال کے دوران دبئی اسٹائل چاکلیٹ کی فروخت میں 1,234 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اب یہ مصنوعات دنیا بھر کی مارکیٹوں اور 100 سے زائد ایئرپورٹس پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
فکس ڈیزرٹ کی بنیاد سارہ حمودہ اور یزن العانی نے دبئی میں گھریلو کاروبار کے طور پر رکھی تھی، جو بعدازاں عالمی سطح پر کامیاب برانڈ بن گیا۔ شیخ حمدان نے کہا کہ یہ کامیابی دبئی اِٹ کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ایک چھوٹے گھریلو کاروبار کو عالمی کامیابی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
دبئی اِٹ ایوارڈ کا آغاز شیخ حمدان نے 24 جون کو کیا تھا۔ یہ سالانہ ایوارڈ ایسے افراد، منصوبوں، کمپنیوں اور اداروں کو دیا جاتا ہے جو دبئی میں جدت، ترقی اور غیر معمولی کامیابیوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور نئی نسل کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
فکس ڈیزرٹ کو عالمی شہرت اس کے پستہ اور کنافا سے تیار کردہ چاکلیٹ بار کے باعث ملی، جس نے دنیا بھر میں صارفین کی توجہ حاصل کی۔ اس کی مقبولیت کے بعد متعدد برانڈز نے بھی دبئی طرز کی چاکلیٹ متعارف کرائی، تاہم فکس ڈیزرٹ نے اپنی اصل مصنوعات کی شناخت برقرار رکھی۔
دبئی ڈیوٹی فری کے چیف ایگزیکٹو رامیش سدامبی کے مطابق، 2025 کی پہلی ششماہی میں دبئی ڈیوٹی فری پر دبئی چاکلیٹس کی 16 کروڑ 50 لاکھ درہم کی فروخت ہوئی۔ اس عرصے میں متحدہ عرب امارات میں تیار کردہ تقریباً 25 لاکھ چاکلیٹ بارز فروخت ہوئیں، جو مٹھائیوں کی مجموعی فروخت کا 40 فیصد تھیں۔
فکس ڈیزرٹ نے اپنی عالمی مقبولیت کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی مصنوعات اور اشتراکات بھی متعارف کرائے ہیں۔ برانڈ نے شیخ حمدان کے ذاتی ذوق اور مشرق وسطیٰ کی روایتی مٹھائی حلوہ سے متاثر ہو کر خصوصی چاکلیٹ بھی تیار کی، جبکہ اس کی نئی مصنوعات میں آم کے ذائقے والی چاکلیٹ ٹائم ٹو مینگو بھی شامل ہے۔







