
خلیج اردو
دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں نئی ملازمتوں کے لیے صرف 48 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوگئیں، جبکہ بھرتی کی مہم کی ویب سائٹ پر اسی عرصے میں 42 ہزار وزٹس ریکارڈ کیے گئے۔ میوزیم نے 2027 میں دوبارہ کھلنے کے موقع پر آنے والے مہمانوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نئی ٹیم بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میوزیم کی جانب سے ان ملازمتوں کو ’’فیوچر پرفیکٹس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ منتخب امیدوار کل وقتی وزیٹر ایکسپیرینس ٹیم کا حصہ بنیں گے اور سائنس، ٹیکنالوجی، فطرت، معاشرت اور مستقبل سے متعلق تصورات کو مہمانوں کے لیے قابل فہم اور دلچسپ بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
ان ملازمتوں کے لیے تخیل، تجسس، جذباتی ذہانت، خوش اخلاقی اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ امیدواروں کے لیے میوزیم یا کسٹمر سروس کے شعبے میں سابقہ تجربہ ہونا ضروری نہیں، بلکہ ان کی شخصی صلاحیتوں اور انسانی تعلق قائم کرنے کی مہارت کو ترجیح دی جائے گی۔
میوزیم آف دی فیوچر کی چیف آپریٹنگ آفیسر عزا النعیمی نے کہا کہ ابتدائی 48 گھنٹوں میں موصول ہونے والی درخواستوں کی بڑی تعداد ایسے کیریئر مواقع میں لوگوں کی دلچسپی ظاہر کرتی ہے جہاں امیدواروں کی صلاحیتوں کو روایتی سی وی سے بڑھ کر دیکھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل کی تشکیل کے لیے صرف علم کافی نہیں، بلکہ اسے دوسروں کے لیے بامعنی اور قابل فہم بنانا بھی ضروری ہے۔
میوزیم کی بھرتی کرنے والی ٹیم نے درخواستوں کا جائزہ شروع کردیا ہے۔ امیدواروں کو مختلف مراحل میں جانچا جائے گا، جس کے بعد شارٹ لسٹ کیے گئے افراد ماہرین کے پینل کے سامنے براہ راست آڈیشن دیں گے۔ درخواستیں 8 نومبر 2026 تک ویب سائٹ فیوچر پرفیکٹس ڈاٹ اے ای کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
میوزیم یکم ستمبر کو عارضی طور پر بند ہوا تھا تاکہ وہاں تجربات، نمائشوں اور جدت پر مبنی سرگرمیوں کے نئے مرحلے پر کام کیا جاسکے۔ انتظامیہ کے مطابق نئی سرگرمیاں 2027 میں میوزیم کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
نئی ٹیم مہمانوں کے ساتھ گفتگو اور کہانی سنانے کے ذریعے پیچیدہ تصورات کو آسان انداز میں پیش کرے گی۔ اس اقدام کے تحت ایسے افراد کو بھی موقع فراہم کیا جارہا ہے جن کے پاس میوزیم یا کسٹمر سروس میں روایتی پیشہ ورانہ تجربہ موجود نہیں۔







