
ابوظبی: محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی (ڈی سی ٹی ابوظبی) نے جزیرہ صیر بنی یاس کے قدیم خانقاہی مقام سے ایک صلیب دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے جو اسٹکو پلیٹ پر ابھری ہوئی ہے۔ یہ دریافت جزیرے پر تیس برس بعد ہونے والی پہلی بڑی کھدائی کے دوران سامنے آئی اور متحدہ عرب امارات میں پائیدار بقائے باہمی کی روایت کی یاد دہانی کراتی ہے۔
جنوری 2025 میں ڈی سی ٹی ابوظبی نے جزیرہ صیر بنی یاس پر نئی فیلڈ ورک مہم شروع کی جس میں پلاسٹر پلیٹ پر کندہ عیسائی صلیب ملی۔ ماہرین کے مطابق یہ صلیب راہبوں کی روحانی عبادت کے لیے استعمال ہوتی تھی اور اس کا طرز عراق اور کویت کی دریافتوں سے مشابہ ہے جو چرچ آف دی ایسٹ سے منسلک ہیں۔
ڈی سی ٹی ابوظبی کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک نے کہا کہ "صیر بنی یاس جزیرے پر یہ قدیم صلیب کی دریافت امارات کی گہری اقدارِ بقائے باہمی اور ثقافتی کشادگی کی علامت ہے۔ یہ ہمیں فخر اور عزت کا احساس دلاتی ہے اور یاد دلاتی ہے کہ پرامن بقائے باہمی کوئی جدید تصور نہیں بلکہ ہمارے خطے کی تاریخ میں رچا بسا اصول ہے۔”
صیر بنی یاس پر ساتویں تا آٹھویں صدی عیسوی کا خانقاہی مرکز پہلی بار 1992 میں سامنے آیا تھا جس میں ایک چرچ اور خانقاہی کمپلیکس بھی دریافت ہوا۔ موجودہ تحقیق خانقاہ کے قریب واقع صحن والے مکانات پر جاری ہے جہاں ابتدائی عیسائی راہب قیام کرتے تھے۔
یہ مقام خطے میں اس دور کے دوسرے کلیسیاؤں اور خانقاہوں سے جڑا ہے، جیسا کہ ام القوین، کویت، ایران اور سعودی عرب میں پائے گئے ہیں۔ مسیحیت چوتھی تا چھٹی صدی عیسوی میں جزیرہ نما عرب میں پھیلی اور پھر آہستہ آہستہ زوال پذیر ہوئی۔ آٹھویں صدی عیسوی میں صیر بنی یاس کا یہ خانقاہی مرکز پرامن طور پر خالی کر دیا گیا۔
2019 میں ڈی سی ٹی ابوظبی نے اس مقام کی بحالی کے لیے اقدامات کیے، چرچ اور خانقاہ کو شیلٹرز کے تحت محفوظ کیا اور اب یہ عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں جہاں رہنمائی کے لیے سائن بورڈز اور قدیم نوادرات کی ایک مختصر نمائش بھی موجود ہے۔
مزید برآں، ایک ہمہ مذہبی چرچ بھی زائرین کے مرکز کے قریب تعمیر کیا گیا ہے۔ آنے والے برسوں میں صحن والے مکانات کی مزید کھدائی ہوگی اور ان مقامات کو جزیرے کی ثقافتی وراثت سے جوڑنے کے لیے وزیٹر ٹریل کا حصہ بنایا جائے گا۔







