متحدہ عرب امارات

ایئر کینیڈا کا فلائٹ اٹینڈنٹس ہڑتال ختم، عارضی معاہدہ طے پا گیا

خلیج اردو
کینیڈا: کئی دنوں کی پروازوں میں شدید بدنظمی کے بعد ایئر کینیڈا کے فلائٹ اٹینڈنٹس کی ہڑتال 19 اگست 2025 کو عارضی معاہدے کے ساتھ ختم ہوگئی۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین تفصیلات کو حتمی شکل دے کر معمولات بحال کریں گے۔

یہ ہڑتال 40 برسوں بعد پہلی بڑی ہڑتال تھی جس میں کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز (CUPE) کے تحت 10 ہزار سے زائد ورکرز شریک ہوئے۔ ہڑتال کے دوران یومیہ تقریباً 700 پروازیں منسوخ یا معطل ہوئیں جس سے پانچ لاکھ سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔

ورکرز کا بنیادی مطالبہ تنخواہوں میں اضافہ اور گراؤنڈ ڈیوٹی (بورڈنگ و ڈپلیننگ) کا معاوضہ تھا جسے اب تک بغیر اجرت کے شمار کیا جاتا رہا۔ سی یو پی ای کے مطابق یہ کام ماہانہ 35 گھنٹوں کے برابر بنتا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے مذاکرات میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ فضائی عملے کو منصفانہ معاوضہ دینے اور لاکھوں مسافروں کیلئے مشکلات ختم کرنے میں مدد دے گا۔

ایئر کینیڈا کے سی ای او مائیکل روسو نے بتایا کہ چار سالہ معاہدے کے تحت عملے کو 38 فیصد تک اضافی معاوضہ دیا جائے گا جو کینیڈا میں سب سے زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آپریشن کی مکمل بحالی میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

ہڑتال کے دوران ایئر کینیڈا کو روزانہ 60 ملین ڈالر کا نقصان ہوا، جبکہ شیئرز میں تین فیصد کمی دیکھی گئی۔ حکومت نے بھی معاملے پر مداخلت کرتے ہوئے ثالثی کرائی۔

اب یہ معاہدہ سی یو پی ای کے ارکان کی منظوری کا منتظر ہے، جس میں تنخواہوں میں اضافہ اور فی پرواز کم از کم 60 منٹ کا گراؤنڈ پے شامل ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے ایئرلائن انڈسٹری میں بغیر اجرت کام کے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے جو چھ سے آٹھ ہفتوں میں مکمل ہوگی۔

ہڑتال کے خاتمے کے بعد ایئر کینیڈا نے بتدریج پروازیں بحال کرنا شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button