
خلیج اردو
فلسطین نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارت کار لانا نسیبہ کی نامزدگی کی حمایت کر دی ہے۔ اماراتی سفارت کار نے فلسطین کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا سفارتی کیریئر فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے امن، آزادی، تحفظ اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے وقف رہا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ریاست فلسطین نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عہدے کے لیے لانا ذکی نسیبہ کی نامزدگی کی حمایت کا اعلان کیا۔ لانا نسیبہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فلسطین کی جانب سے ان کی امیدواری پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
فلسطین نے اپنے بیان میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور لانا نسیبہ کی صلاحیتوں، تجربے اور کثیرالجہتی سفارت کاری میں خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ بیان میں ان کے سفارتی کیریئر کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں اپنے کام کے دوران مذاکرات کو فروغ دینے اور مختلف فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
فلسطین کے مطابق لانا نسیبہ نے بین الاقوامی امن و سلامتی، انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں، ترقیاتی امور اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
فلسطین نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے تناظر میں اقوام متحدہ کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کا تحفظ کرے، ادارے کی خودمختاری برقرار رکھے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو مضبوط بنائے۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قیادت بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد، اقوام کے حق خودارادیت اور آزادی، تحفظ اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے حق کی حمایت کرے۔
فلسطین کے مطابق لانا نسیبہ جیسے تجربہ کار عرب سفارت کار کی نامزدگی، اور پہلی مرتبہ کسی خاتون کے اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل بننے کا ممکنہ موقع، عالمی ادارے کے کردار کو مضبوط بنانے اور منصفانہ و پائیدار امن کے قیام میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
فلسطین نے لانا نسیبہ کے لیے کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوست ممالک اور دیگر عرب ریاستوں سے بھی ان کی نامزدگی کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
لانا نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ رہیں۔ اس دوران انہوں نے 2022 سے 2023 تک سلامتی کونسل میں متحدہ عرب امارات کی رکنیت کے دوران ملک کی نمائندگی کی۔
ان کی اہم سفارتی خدمات میں غزہ کے فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق مذاکرات شامل ہیں۔ دسمبر 2023 میں انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد 2720 کی منظوری کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کا مقصد غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل بڑھانا اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی زیر قیادت طریقہ کار قائم کرنا تھا۔
اسی ماہ لانا نسیبہ نے سلامتی کونسل کے موجودہ اور آنے والے ارکان کے وفد کے رفح سرحدی گزرگاہ کے دورے کی قیادت بھی کی، جہاں فلسطینیوں تک امداد پہنچانے میں درپیش رکاوٹوں کو اجاگر کیا گیا۔
فروری 2024 میں انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی پالیسیوں اور اقدامات سے متعلق مشاورتی کارروائی کے دوران عالمی عدالت انصاف میں متحدہ عرب امارات کے وفد کی سربراہی کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کی۔







