متحدہ عرب امارات

ایئر انڈیا ایکسپریس شارجہ سے ممبئی کے لیے اپنی موجودہ پروازیں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نئے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کرے گی

خلیج اردو
ایئر انڈیا ایکسپریس شارجہ سے ممبئی کے لیے اپنی موجودہ پروازیں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نئے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کرے گی۔ یہ تبدیلی مرحلہ وار کی جائے گی اور اس عمل کو 2027 کے موسم گرما تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

یہ اقدام ایئر انڈیا گروپ اور اڈانی ایئرپورٹس کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ممبئی کے موجودہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی تعمیرِ نو کے لیے منتخب اندرون ملک اور مغربی ایشیا کی پروازیں نئے ایئرپورٹ منتقل کی جائیں گی۔

ایئر انڈیا ایکسپریس دسمبر 2026 میں نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آپریشنز شروع کرے گی، جس کا آغاز روزانہ چار اندرون ملک پروازوں سے ہوگا۔ جنوری 2027 سے کویت کے لیے منصوبہ بند پروازیں اور عمان کے لیے موجودہ سروسز بھی نئے ایئرپورٹ سے چلائی جائیں گی۔

اس کے بعد شارجہ، جدہ، ریاض، دمام، دوحہ اور مسقط کے لیے پروازیں مرحلہ وار نئے ایئرپورٹ منتقل کی جائیں گی۔ ایئر لائن کے مطابق یہ عمل انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے شمالی موسمِ گرما 2027 کے شیڈول تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم شارجہ کی پروازوں کی منتقلی کی حتمی تاریخ اور نئے شیڈول کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

اس تبدیلی کے بعد شارجہ اور ممبئی کے درمیان متاثرہ ایئر انڈیا ایکسپریس پروازوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو ممبئی کے موجودہ ایئرپورٹ کے بجائے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ استعمال کرنا ہوگا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی بکنگ کی تفصیلات ضرور چیک کریں، خصوصاً وہ افراد جنہوں نے آگے کسی دوسری پرواز سے سفر کرنا ہو یا ممبئی میں آمدورفت کا انتظام کرنا ہو۔

ایئر انڈیا گروپ کے مطابق دونوں ایئرپورٹس سے آپریشنز جاری رکھنے سے مسافروں کو زیادہ سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں فضائی رابطوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مرحلہ وار منتقلی کا مقصد موجودہ پروازوں کا سلسلہ برقرار رکھنا اور ٹرمینل ون کی تعمیرِ نو کے دوران چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر لائن کے موجودہ آپریشنل سلاٹس کو محفوظ رکھنا بھی ہے۔

شارجہ کے علاوہ جدہ، ریاض، دمام، دوحہ اور مسقط کے لیے ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں بھی مرحلہ وار نئے ایئرپورٹ منتقل ہوں گی۔ کویت کے لیے مجوزہ پروازوں کا آغاز ضروری ضابطہ جاتی منظوریوں سے مشروط ہوگا۔

نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدید ٹیکنالوجی، مختلف ذرائع نقل و حمل سے رابطوں اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی فضائی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔ اڈانی ایئرپورٹ ہولڈنگز لمیٹڈ نے ایئر انڈیا گروپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ایئرپورٹ سے فضائی رابطوں میں بہتری آئے گی اور مسافروں کو زیادہ آسان سفری تجربہ فراہم کیا جاسکے گا۔

ایئر انڈیا گروپ کے مطابق منتقلی کا آغاز دسمبر 2026 میں اندرون ملک پروازوں سے ہوگا، جس کے بعد جنوری 2027 سے منتخب بین الاقوامی روٹس نئے ایئرپورٹ منتقل کیے جائیں گے۔ پروازوں کی وسیع تر منتقلی شمالی موسمِ گرما 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button