
خلیج اردو
ابوظبہی: شارجہ کے علاقے النہضہ میں 52 منزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عمارت میں مختلف قومیتوں کے 1,500 سے زائد افراد مقیم تھے۔
پولیس کے مطابق آگ 13 اپریل کو صبح 11 بج کر 31 منٹ پر ایک بالائی منزل سے بھڑکی۔ اطلاع ملتے ہی علاقے کو محفوظ بنایا گیا، سول ڈیفنس اور نیشنل ایمبولینس کی گاڑیوں کے لیے راستے کھولے گئے اور تمام متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
سول ڈیفنس، نیشنل ایمبولینس اور پولیس کے ساتھ ساتھ ایمریٹس ریڈ کریسنٹ اتھارٹی نے بھی بروقت ردعمل کو یقینی بنایا۔ آگ لگنے کے بعد عمارت کے سینکڑوں رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
جنرل ایڈمنسٹریشن فار آپریشنز اینڈ سیکیورٹی سپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ڈاکٹر احمد سعید الناور نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
انہوں نے بتایا کہ کریمنل لیبارٹری کی ٹیم نے آگ کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہیں۔