
خلیج اردو
پشاور:– خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے شریف خاندان پر سرکاری وسائل کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیلاروس کا حالیہ دورہ محض ایک فیملی ٹرپ تھا جس سے قوم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی تین نسلوں نے سرکاری خرچ پر بیلاروس کا دورہ کیا، اور پورا خاندان سیر سپاٹوں میں مصروف رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بیلاروس کے دورے سے قوم کو کیا فائدہ حاصل ہوا؟
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے خاندان کو جہاز بھر کر سرکاری خرچ پر بیرون ملک نہیں لے جایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان سیر و تفریح کے لیے بھی قومی خزانے کا سہارا لیتا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرون ملک دوروں میں صرف وزیر اعلیٰ پنجاب یاد رہتے ہیں، جبکہ باقی تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔