
خلیج اردو
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی کوششوں اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ہونے والے رابطوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم نے کہا "امید ہے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر دوبارہ بٹھانے میں کامیاب ہو جائیں گے” اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
بعد ازاں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے شی جن پنگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
چینی سفیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور باہمی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلابازوں سے ملاقات میں کہا کہ خلا میں تحقیقاتی مشن پر جانا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے خلا کا سفر دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔







