
خلیج اردو
لاہور: امریکی کانگریس کے ارکان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ کرتارپور کا بھی دورہ کیا جہاں سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
امریکی وفد میں کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی، جوناتھن جیکسن، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز شامل تھے۔ وفد نے بیساکھی میلے میں شرکت کی اور سکھ برادری کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے بھی امریکی وفد اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ کانگریس مین تھامس سوازی نے کہا کہ سکھ برادری کے اہم تہوار میں شرکت کرکے دلی خوشی ہوئی۔ ان کے ہمراہ کانگریس مین جوناتھن جیکسن نے پاکستان کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے شاندار سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، اور سکھ یاتریوں کے لیے ویزا کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔