
خلیج اردو
UK Visas and Immigration نے 25 فروری 2026 سے نیا ڈیجیٹل ای ویزا سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت یو اے ای میں مقیم افراد برطانیہ کے ویزا کیلئے درخواست دیتے وقت اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت پاسپورٹ پر لگایا جانے والا روایتی ویزا اسٹیکر ختم کر کے مکمل ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس متعارف کرایا گیا ہے، جس سے سیاحوں، طلبہ اور کاروباری افراد کو زیادہ سہولت ملے گی۔
درخواست گزار اب آن لائن فارم جمع کرانے اور ویزا سینٹر پر بایومیٹرک اور دستاویزات جمع کرانے کے بعد اپنا پاسپورٹ ساتھ لے جا سکیں گے اور دیگر سفری منصوبے جاری رکھ سکیں گے۔
یو اے ای میں ویزا درخواست مراکز چلانے والی کمپنی VFS Global کے چیف آپریٹنگ آفیسر سرینارائن سنکرن نے کہا، “ای ویزا نظام سے مسافروں کو پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کی سہولت ملے گی اور وہ اس دوران دیگر ممالک کے ویزوں کیلئے بھی درخواست دے سکیں گے۔”
حکام کے مطابق 10 ملین سے زائد افراد پہلے ہی ای ویزا استعمال کر رہے ہیں، اور اب یہ زیادہ تر امیگریشن روٹس کیلئے بنیادی ثبوت کے طور پر استعمال ہوگا۔
نئے نظام کے تحت کوریئر تاخیر بھی ختم ہو جائے گی کیونکہ فیصلے کے بعد پاسپورٹ کی واپسی یا ترسیل کی ضرورت نہیں رہے گی، جبکہ سفر سے پہلے درخواست گزار کو یو کے وی آئی اکاؤنٹ بنا کر اپنا ای ویزا آن لائن چیک کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یو اے ای جیسے مصروف سفری مرکز میں یہ اقدام متعدد بین الاقوامی سفر کرنے والے افراد کیلئے سہولت اور وقت کی بچت کا باعث بنے گا۔







