متحدہ عرب امارات

بحرین نے ایران اور عراق کے سفر پر پابندی عائد کر دی، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہریوں کو سخت وارننگ جاری

خلیج اردو
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اپنے شہریوں کے لیے ایران اور عراق کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ خطے میں جاری سیکیورٹی صورتحال اور ایران سے منسوب حالیہ واقعات کے تناظر میں قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

دوسری جانب پیر کے روز کویت کی فوج نے اعلان کیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کیا۔ بعد ازاں کویتی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ حملے ایران کی جانب سے کیے گئے تھے۔

کویتی فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ تھیں۔ عوام سے کہا گیا کہ وہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

بعد ازاں کویت کی وزارت خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایران کو مکمل طور پر ذمہ دار قرار دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button