خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

بيئہ ری سائیکلنگ متحدہ عرب امارات میں ای وی بیٹری ری سائیکلنگ کا پہلا پلانٹ قائم کرے گی

خلیج اردو: بيئہ ری سائیکلنگ نے متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر (ایم اوای آئی) اور امریکن یونیورسٹی آف شارجہ (اے یو ایس) کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کی ناکارہ ہونے والی بیٹریوں کے لیے ملک کے پہلے ری سائیکلنگ پلانٹ کے قیام کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس معاہدے پر ابوظہبی میں 2023 ورلڈ فیوچر انرجی سمٹ کے دوران وزارت توانائی و انفراسٹرکچر کے سٹینڈ میں دستخط کیے گئے۔

بیئہ گروپ کے گروپ سی ای او خالد الحريمل کی موجودگی میں بیئہ ری سائیکلنگ کے سی ای او ڈاکر الربيعہ، توانائی و پٹرولیم امور کے انڈر سیکرٹری شريف سالم العلماء اور امریکن یونیورسٹی آف شارجہ کے پرووسٹ اور پروفیسر جوان سانچیز نے معاہدے پر دستخط کیے۔

ای وی بیٹری کے ری سائیکلنگ پلانٹ کو بیئہ ری سائیکلنگ کے ویسٹ مینجمنٹ کمپلیکس میں شامل کیا جائے گا، جس میں اس وقت فضلے کی پروسیسنگ اور مواد کی بحالی کی دس خصوصی سہولیات موجود ہیں جنہوں نے شارجہ میں فضلہ کی کچرہ کنڈیوں میں منتقلی کی شرح کو 76 فیصد تک کم کیا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں سب سے زیادہ ہے۔

ای وی بیٹری کے ری سائیکلنگ پلانٹ کا اضافہ مستقبل میں لینڈ فل ویسٹ ڈائیورشن کو مزید بڑھانے میں مدد کرے گا کیونکہ ای ویز سے زیادہ بیٹریاں ناکارہ ہوجاتی ہیں ۔ بیئہ ری سائیکلنگ، وزارت توانائی و انفراسٹرکچر اور امریکن یونیورسٹی آف شارجہ نے ای وی بیٹری کے ری سائیکلنگ پلانٹ کے لیے عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز کی نشاندہی اور تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

معاہدے کے حوالے سے الحريمل نے کہاکہ بیئہ ری سائیکلنگ سے مادی بحالی کی مہارت، وزارت توانائی و انفراسٹرکچر کے قومی وژن اور دور اندیشی اور امریکن یونیورسٹی آف شارجہ کی جدید تحقیق کے ساتھ ہم ایک مثالی اور مستقبل کے لیے تیار حکمت عملی وضع کرنے قابل ہو جائیں گے جس کے نتیجہ میں ہماری کوششیں ای وی مارکیٹ کی پائیدار، صفر فضلہ اور خالص صفر نمو کے اہداف میں کامیاب ہوں گی، جو قومی، علاقائی اور عالمی پائیداری کے ایجنڈے کے مطابق ہے۔

متحدہ عرب امارات میں روایتی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جانے والے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایک تحقیق کے مطابق 2022 میں متحدہ عرب امارات کے 30 فیصد سے زیادہ لوگ الیکٹرک گاڑیوں کو تبدیل کرنے پر غور کر رہے تھے۔ تخمینوں سے پتہ چلتا ہے کہ ای وی مارکیٹ 2022 اور 2028 کے درمیان 30 فیصد کے سی اے جی آر کے حساب سے بڑھے گی۔

معاہدے کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے الربيعہ نے کہاکہ بیئہ ری سائیکلنگ کے طور پر، ہم نے تمام صنعتوں میں سرکلر اکانومی کے قیام میں مدد کے لیے صفر فضلہ کی حکمت عملی کو اختیارکیا ہے۔ ہم ای وی انڈسٹری کے اندر سرکلرٹی اور مادی بحالی کے لیے اپنے تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جو متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں خالص صفر اخراج کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اہم ہے۔

العلماء نے اس حوالے سے کہا الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ کے لیے مستقبل کی تیاریوں کو یقینی بنانا یو اے ای کے لیے توانائی و انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے وزارت کے مقصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔. بیئہ ری سائیکلنگ اور اے یو ایس کی تازہ ترین تحقیق سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، ہم اپنے پائیدار شہروں اور کمیونٹیز میں سبز نقل و حرکت کو سپورٹ کرنے کے خواہاں ہیں۔

پروفیسر سانچیز نے کہا کہ یہ ایک یادگار منصوبہ ہے، جو طویل مدت کے لیے ای وی کو زیادہ سستا اور پائیدار بنانے، ماحول کو زہریلے مواد سے بچانے اور بیٹری کی تیاری کے لیے خام مال کی فراہمی میں مدد کرے گا

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button