متحدہ عرب امارات

براڈ پیک سانحہ: نرمل پرجا سمیت 4 کوہ پیماؤں کی میتیں بیس کیمپ پہنچا دی گئیں

خلیج اردو

پاکستان الپائن کلب کے مطابق براڈ پیک پر برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے برطانوی نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت چار کوہ پیماؤں کی میتیں انتہائی مشکل ریکوری آپریشن کے بعد بیس کیمپ منتقل کر دی گئی ہیں۔

الپائن کلب آف پاکستان کے صدر کے مطابق نرمل پرجا، ژونگ وانگ، نیما شرپا اور کیلو شرپا کی میتیں انتہائی دشوار اور تکنیکی طور پر پیچیدہ ریکوری آپریشن کے دوران کامیابی سے نکالی گئیں اور بحفاظت بیس کیمپ پہنچا دی گئی ہیں۔

ریکوری آپریشن کی قیادت منگما جی نے کی جبکہ پاکستانی کوہ پیما سرباز خان سمیت عابد بیگ، شہباز، دیپن گرونگ اور پیمبا چھیوانگ شرپا نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔

پاکستان الپائن کلب کے صدر نے مشکل حالات میں ریسکیو ٹیم کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے برطانوی ہائی کمیشن اور نیپال کے سفارتخانے کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

الپائن کلب کے مطابق مہم کے مزید تین کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں اور موسم اور حالات سازگار ہونے پر انہیں تلاش اور واپس لانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

براڈ پیک پر گزشتہ ہفتے برفانی تودے نے مجموعی طور پر 10 کوہ پیماؤں کی جانیں لیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ نیپالی جبکہ عمان، پاکستان، چین، امریکا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما شامل تھے۔

جاں بحق افراد میں عمان کی نادرہ احمد عبداللہ الحارثی، پاکستان کے سہیل ساقی، چین کے وانگ ژونگ، امریکا کی میلوری گیس اور برطانیہ کے نرمل پرجا شامل تھے۔

نرمل پرجا کو دنیا بھر میں ’’نمز‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ وہ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی تمام 14 چوٹیوں کو ریکارڈ مدت میں سر کرنے کے باعث عالمی سطح پر شہرت حاصل کر چکے تھے۔

2019ء میں پرجا نے Project Possible 14/7 کے تحت دنیا کی تمام 14 آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کو صرف چھ ماہ اور چھ دن میں سر کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

براڈ پیک پر سانحے کے بعد نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی جاں بحق کوہ پیماؤں کی یاد میں شمعیں روشن کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

پاکستان الپائن کلب کے مطابق برفانی تودے کے بعد ریکوری آپریشن ہفتے سے جاری تھا جس کی قیادت منگما گیالجے شرپا، داوا شرپا اور پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button