متحدہ عرب امارات

دبئی: 13 ماہ کے بچے کا جگر تبدیل، شہر میں اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب آپریشن

خلیج اردو
دبئی

دبئی کے کنگز کالج ہسپتال لندن میں 13 ماہ کے بچے کا کامیاب جگر ٹرانسپلانٹ کیا گیا، جو شہر میں اس نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔ اس نازک آپریشن میں الجلیلہ فاؤنڈیشن نے مالی تعاون فراہم کیا۔

ننھے مالک پیدائشی طور پر بلیئری اٹریزیا نامی ایک نایاب بیماری میں مبتلا تھے، جس کے باعث ان کی حالت ایک ابتدائی جراحی کے باوجود بگڑتی گئی۔ مزید طبی معائنے سے ان کے دل میں پیدائشی سوراخ (ایٹریئل سیپٹل ڈیفیکٹ) کی بھی تشخیص ہوئی۔

دل کا آپریشن مکمل ہونے کے بعد الجلیلہ چلڈرن اسپتال نے مالک کو کنگز کالج ہسپتال ریفر کیا، جہاں ان کے والد نے اپنا جزوی جگر عطیہ کیا۔

یہ پیچیدہ اور حساس آپریشن دنیا کے معروف جگر ٹرانسپلانٹ سرجن پروفیسر محمد ریلا کی سربراہی میں ایک ماہر ٹیم نے انجام دیا۔ الجلیلہ چلڈرن اسپتال نے بچے اور والد دونوں کو طبی نگہداشت فراہم کی جبکہ الجلیلہ فاؤنڈیشن نے مالک کے مکمل علاج کے اخراجات برداشت کیے، جن میں سرجری سے پہلے اور بعد کی مکمل نگہداشت شامل ہے۔

دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ہیلتھ ریگولیشن سیکٹر کے قائم مقام سی ای او ڈاکٹر یونس کاظم نے اس کامیابی کو دبئی کے لیے ایک بے مثال طبی کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دبئی کے صحت کے شعبے کی صلاحیت اور عالمی معیار کے مطابق پیچیدہ کیسز سے نمٹنے کی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button